Monday, May 6, 2013




اسلام آباد…الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے لیے ای پرچی کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے ، الیکشن کمیشن کے رکن ریاض کیانی نے کہا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ انتخابات خونی ہوں گے۔اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے رکن پنجاب ریاض کیانی اوررکن بلوچستان فضل الرحمان نے ای پرچی کا افتتاح کیا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اس سہولت کے ذریعے ووٹ ڈالنے کیلئے درکار ضروری معلومات گھر بیٹھے مل جائیں گی۔ریاض کیانی نے بتایا کہ ای پرچی کا نظام سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں متعارف کرایا گیا ہے ،جس کے تحت پولنگ اسٹیشن کے گرد چار سو گز تک کسی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی ، انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج تعینات ہوگی۔اشتیاق احمد خان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے تمام فیصلے متفقہ ہو رہے ہیں، جعلی بیلٹ پیپر کی تیاری کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دید یا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کوئی بھی ووٹر8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کر کے پولنگ اسٹیشن حلقہ اور دیگر تفصیلات معلوم کر سکے گا۔ایک ایس ایم ایس کے چارجز 2روپے ہیں۔ الیکٹرانک پرچی کی سہولت سے ووٹرز کو گھر بیٹھے اپنے ووٹ ، پولنگ اسٹیشنز اور دیگر معلومات ملیں گی۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق پاکستان کی 18کروڑ کی آبادی میں سے 12کروڑ کے پاس موبائل فون کی سہولت موجود ہے، جبکہ پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8کروڑ 61لاکھ ہے۔

No comments: